رتلام : ریلوے کے وزیر مملکت منوج سنہا نے آج کہاکہ آزادی کے بعد سے اب تک ریلوے کو سیاسی اہداف کی تکمیل کا وسیلہ سمجھا جاتا رہا ہے ۔ ریلوے میں سرمایہ کاری پر توجہ ہی نہیں دی گئی لیکن مودی حکومت نے طے کیا ہے کہ ریلوے کے سیکٹر میں سدھار کیا جائے گا اور آئندہ پانچ برسوں میں ریلوے میں آٹھ لاکھ کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔رواں مالی سال میں ہی ریلوے میں ایک لاکھ 10 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے ۔ریلوے کے وزیر مملکت مسٹر سنہا مدھیہ پردیش کے رتلام میں ویسٹرن ریلوے ورکرس کونسل کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔
پروگرام میں سماجی انصاف و اختیارات کے مرکزی وزیر تھاور چند گہلوت سمیت دیگر ممبران پارلیمنٹ بھی موجود تھے ۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر سنہا نے کہا کہ آزادی کے بعد سے اب تک ریلوے کے مسافروں کی تعداد میں 17 گنا اضافہ ہوا ہے اور مال بھاڑہ میں آٹھ گنا اضافہ ہوا ہے ۔ اس کے باوجود ریلوے کی بنیادی سہولیات میں صرف ڈھائی فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قبل ازیں ریلوے کو سیاسی مقاصد کی تکمیل کا ذریعہ تصور کیا جاتا رہا ہے ۔ اس لئے ہر بجٹ میں نئی ریل اور اس کے اسٹاپ کو ہی ترجیح دی جاتی تھی لیکن نریندر مودی حکومت نے طے کیا ہے کہ یہ روایت تبدیل کی جائے گی۔