کولمبو: سری لنکا کے سٹار بلے باز کمار سنگا کارا کو کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اگلے ہی روز برطانیہ میں سری لنکا کا سفیر بننے کی پیشکش کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سنگاکارا نے بھارت کے خلاف اپنے کیرئیر کا آخری ٹیسٹ کھیلا اور گزشتہ روز ختم ہونے میچ میں انہیں ہزاروں شائقین اور بڑی شخصیات نے انہیں عالمی کرکٹ سے رخصت کیا۔ سری لنکا کے صدر میتھریپالا نے اختتامی تقریب کے دوران کمار سنگا کارا کو سری لنکا کیلئے باعث فخر قرار دیا۔
کمار سنگا کارا نے فوی طور پر سفارتی عہدے کی پیشکش کو قبول نہیں کیا۔ تاہم میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ اس بات کیلئے بالکل بھی تیار نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے حیران کن ہے، مجھے اس بارے میں ابھی سوچنا ہے اور اس صدر مملکت کے ساتھ مزید بات چیت کرنی ہے۔ واضح رہے کہ سنگا کارا ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پانچویں کھلاڑی۔ انہوں نے اپنے انٹرنیشنل کیرئیر کے دوران 134 ٹیسٹ میچ کھیل کر 57.40 کی اوسط سے 12,400 رنز بنائے جس میں ایک ٹرپل سنچری اور 38 سنچریاں شامل ہیں۔