بیجنگ: ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جمیکا کی خاتون ایتھلیٹ شیلی این فریزر پرائس نے عمدہ پرفارم کرتے ہوئے 100 میٹر ریس جیت لی، ڈچ ایتھلیٹ ڈیفن شیپرز نے چاندی کا تمغہ پایا جبکہ امریکی ٹوری بوائی نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔ کینیا کی ویویان چیوروٹ نے ویمنز 10 ہزار میٹر ریس میں پہلا نمبر حاصل کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق چینی دارالحکومت میں جاری 15 ویں ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جمیکا کی خاتون ایتھلیٹ شیلی این فریزر پرائس نے ویمنز 100 میٹر ایونٹ جیت لیا۔ یہ ان کا تیسرا ورلڈ ٹائٹل رہا، ڈبل اولمپک چیمپئن نے 10.76 سیکنڈز کی پرفارمنس سے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
نیدرلینڈز کی ڈیفن شیپرز نے 10.81 سیکنڈز کے ساتھ سلور میڈل پایا۔ امریکا کی ٹوری بوائی نے برانز میڈل پر اکتفا کیا۔ انھوں نے مقررہ فاصلہ 10.86 سیکنڈز میں طے کیا۔ کینیا کی ویویان چیوروٹ نے ویمنز 10 ہزار میٹر ریس میں پہلا نمبر حاصل کرلیا، وہ ڈیگو میں منعقدہ 2011 ورلڈ چیمپئن شپ میں 10 کلومیٹر ریس کا ٹائٹل جیتنے کے ساتھ2 مرتبہ 5 ہزار میٹرریس میں بھی ورلڈ چیمپئن رہی تھیں۔
اس مرتبہ انھوں نے مقررہ فاصلہ 31 منٹ 41.41 سیکنڈز میں طے کر کے میدان مار لیا۔ ورلڈ نمبرون اور سابق ورلڈ انڈور 1500 میٹر ریس کی چیمپئن ایتھوپیا کی گیلیٹا بورکا نے چاندی کا تمغہ پایا، ان کی پرفارمنس 31 منٹ41.77 سیکنڈز رہی۔