ممبئی: ہالی اور بالی ووڈ میں اپنی منفرد اداکاری سے نام و مقام بنانے والے اداکار عرفان خان ایکشن تھرلر فلم ‘جذبہ’ میں ایشوریا رائے کے ساتھ جلوہ گر ہو رہے ہیں۔ گذشتہ روز فلم کے ٹریلر کی رونمائی کی تقریب میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے عرفان خان کا کہنا تھا کہ اس فلم کو سائن کرنے کی اہم وجہ صرف ایشوریا رائے ہیں، جن کے باعث وہ اس فلم میں کام کرنے کے لیے رضا مند ہوئے۔ عرفان خان سے جب یہ پوچھا گیا کہ ایشوریا کی فلم میں موجودگی کے باعث انھیں کم اہمیت دی گئی ہو گی، تو عرفان کا کہنا تھا کہ انھیں اس کی کوئی پروا نہیں کیونکہ انھوں نے اس فلم میں کام ہی ایشوریا کی وجہ سے کیا ہے۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ ہدایت کار سنجے گپتا کی ڈائریکشن میں بننے والی اس ایکشن فلم جذبہ میں ایشوریا رائے مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ عرفان خان کے علاوہ شبانہ اعظمی اور جیکی شروف بھی فلم میں اہم رول کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔ ایکشن سے بھر پور بالی ووڈ کی یہ فلم سائوتھ کوریا کی سال 2007 میں ریلیز کی گئی فلم ‘سیون ڈیز’ کا ری میک ہے، جسے رواں سال 9 اکتوبر کو عام نمائش کے کیلئے پیش کر دیا جائے گا۔