کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران گرفتار ایک ملزم کی نشاندہی پر قبرستان میں دفن اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران رضویہ قبرستان میں دفن کیا گیا اسلحہ برآمد کر لیا۔
ڈان نیوز کے مطابق رینجرز نے ملزم فرید الدین کا 90 روز کا ریمانڈ حاصل کر رکھا ہے، جس نے تفتیش کے دوران اسلحے کی نشاندہی کی، جس پر پولیس اور رینجرز نے فوری طور پر مشترکہ کارروائی کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم فرید الدین متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی میڈیکل ایڈ کمیٹی کے رکن اور عباسی شہید ہسپتال کے اکاؤنٹس ڈپارٹمنٹ میں ڈپٹی ڈائریکٹر تعینات ہیں۔
خیال رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے 26 مئی کو جاری کیے گئے اعلامیے میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایم کیو ایم کی مرکزی میڈیکل ایڈ مشاورتی کمیٹی کے رکن محمد فرید الدین لاپتہ ہو گئے ہیں۔
بعد ازاں رینجرز نے عباسی شہید اسپتال کے اکاؤنٹس ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد فرید الدین کو انسداد دہشت گردی عدالت میں 4 جون کو پیش کیا۔
90 روزہ ریمانڈ کے حصول کے لیے رینجرز نے عدالت کو بتایا کہ ملزم بھتہ خوری اور دیگر جرائم میں ملوث ہے۔