کراچی: پاکستانی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے کراچی جناح ہسپتال کا دورہ کیا ہے۔ جناح ہسپتال کے دورے کے دوران آفریدی نے مختلف شعبوں میں موجود مریضوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر آفریدی نے وارڈ کے مریضوں کیلئے بیس لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔
واضح رہے کہ کچھ عرصہ پہلے برطانوی اخبارنے فلاحی کاموں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے متعلق ایک سروے کیا تھا جس کے مطابق شاہد آفریدی فلاحی کام کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں بیسویں نمبر پر ہیں۔ میڈیا کی جانب سے محمد عامر، آصف اور سلمان بٹ کو ٹیم میں شامل کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال میں ان کا کہنا تھا کہ یہ پی سی بی کے لیے ایک بہت بڑا فیصلہ ہے اور میں بورڈ پر زور دوں گا کہ وہ مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں اچھی طرح سوچ لیں، کیونکہ یہاں مستقبل کے کھلاڑیوں کے لیے ایک مثال قائم کرنی ہے۔