نئی دہلی: مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور نجمہ ہپت اللہ 31 اگست کو بہار کی راجدھانی پٹنہ میں مدرسوں میں بچوں کیلئے اسکل ڈیولپمنٹ کا پہلا پائلٹ پروجیکٹ پروگرام کا افتتاح کریں گی۔ اس کے ساتھ ہی اسی دن ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ بہار کے موتیہاری ضلع میں بھی اس پروجیکٹ کا افتتاح کیا جائے گا۔
مولانا آزاد نیشنل اکیڈمی فار اسکل (مانس) کے زیر اہتمام منعقد کئے جانے والے اس تربیتی پروگرام کا مقصد ایسے بچوں کو پارٹم ٹائم میں ہنرمندی کی تربیت دینا ہے جو اپنی تعلیم بھی جاری رکھ سکیں تاکہ مدارس سے فراغت حاصل کرنے کے بعد انہیں روزگار حاصل کرنے میں آسانی ہوسکے ۔مانس کے ذریعہ تربیت یافتہ بچوں میں سے 75 فیصد کو حکومت روزگار کی گارنٹی دے گی جو بچے اپنا روزگار خود کرنا چاہیں گے ، انہیں حکومت کم از کم شرح سود پر قرض فراہم کرے گی۔ اس افتتاحی پروگرام میں محترمہ نجمہ ہپت اللہ کے علاوہ مرکزی وزیر برائے زراعت رادھا موہن سنگھ بھی موجود ہوں گے ۔