نئی دہلی :ٹیلی مواصلات خدمات فراہم کرانے والی کمپنی ووڈا فون انڈیا نے آج کہا کہ ۲۰۱۵ءکے آخر مین وہ 4جی خدمات کا آغاز کرے گی۔ کمپنی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں میں وہ ممبئی، دہلی، کولکاتہ، بنگلور اور کوچی میں 4جی نیٹورک پیش کرے گی۔
اس کے علاوہ کمپنی ۷ سرکلوں میں 3جی خدمات کا آغاز کرتے ہوئے ۱۶ سرکلوں میں 3جی خدمات نیٹورک کی توسیع کرے گی۔ ان ۷ سرکلوں میں آسام ، شمال مشرق، مغربی اتر پردیش، راجستھان، کرناٹک، کیرل اور اُڑیسا شامل ہوں گے۔ ووڈا فون نے کہا ہے کہ 4 جی خدمات کی آزمائش کامیابی کے ساتھ شروع کر دی گئی ہے۔ اپنے اس نیٹورک کیلئے ووڈا فون انڈیا نے دنیا کی معروف تکنیکی اور بنیادی ڈھانچہ خدمات فراہم کرانے والی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔
کمپنی نے کہا کہ وہ پورے ملک میں اپنی 4جی خدمات مناسب وقت پر شروع کرے گی۔ اس سے قبل بھارتیہ ایئر ٹیل نے گذشتہ ۶ اگست کو اعلان کیا تھا کہ وہ آنے والے ہفتوں میں ۳ سو شہروں میں اپنی 4 جی خدمات شروع کرے گی۔ جب کی ریلائنس جی او بھی اپنی 4 جی خدمات دیسمبر میں شروع کرنے والی ہے۔ ووڈا فون نے فروری ۲۰۱۴ءکی نیلامی میں ٹیلی مواصلات کے پانچ منطقوں ممبئی، دہلی، کولکاتہ، کیرل اور کرناٹک کیلئے 4 جی اسپکٹرم حاصل کیا تھا۔ انٹر نیٹ خدمات کی اس تقریباً نصف آمدنی انہی پانچ شہروں سے ہو رہی ہے۔ ووڈا فون ۱۸ دیگر ممالک میں 4جی خدمات شروع کر چکی ہے۔ ہندوستان میں کمپنی کے ۱ لاکھ ۳۱ ہزار سے زیادہ ٹاور نصب ہیں۔