نئی دہلی: حکومت نے انتظامیہ میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے انڈین ایڈمنسٹریٹیو سروس (آئی اے ایس) کے افسر راجیو مہارشی کو نیا داخلہ سکریٹری مقرر کیا ہے ۔ مسٹر مہارشی کی مدت کار آج سے دوبرس تک ہوگی۔داخلہ سکریٹری کے عہدیہ پر چھ مہینے میں یہ دوسری تقرری ہے ۔
گزشتہ فروری میں اس وقت کے داخلہ سکریٹری انل گوسوامی کو ایک معاملے میں مرکزی تفتیشی بیورو کی جانچ کو متاثر کرنے کا الزام لگنے کے بعد عہدہ سے ہٹا دیا گیا تھا اور ان کی جگہ مسٹر ایل سی گوئل کی 5فروری سے دو برسوں کے لئے اس عہدہ پر تقرری کی گئی تھی۔ایک سرکاری بیان کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے مسٹر گوئل کی عہدہ سے رضاکارانہ طورپر ریٹائرمنٹ کی درخواست منظور کرلی ہے ۔ انہوں نے ذاتی اسباب سے سرکاری نوکری سے فوری طورپر ریٹائرمنٹ دینے کی درخواست کی تھی۔
مسٹر مہارشی آئی اے ایس کے 1978بیج کے افسر ہیں اور اب تک وہ وزارت خزانہ کے مالی امور محکمہ میں سکریٹری تھے ۔ اس عہدہ پر ان کی مدت کار آج ختم ہونے کے پیش نظر دو دن قبل ان کی جگہ پر شکتی کانتا داس کی تقرری کا اعلان کردیا گیا تھا۔