دبئی ۔؛امریکا میں بھارتی سفارت کار دیویانی کھوبڑا گاڑے کی برہنہ تلاشی کے اسکینڈل نے دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کشیدہ کردیئے ہیں۔ بھارتی حکومت نے اپنی خاتون سفارت کار کی مبینہ توہین کے فوری ردعمل کے طور پر نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے کی سیکیورٹی اور سفارتکاروں کو ہوائی اڈوں پر حاصل مراعات کردی تھیں۔ اب معاملہ ایک قدم آگے بڑھ گیا ہے اور بھارتی حکومت نے امریکی سفارت خانے کو شراب اور کھانے پینے کا سامان بھی روک لیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق معاملے کو رفع دفع کرنے کے لیے امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بھارتی مشیر برائے قومی سلامتی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔ ٹیلیفونک بات چیت میں امریکی وزیرخارجہ نے نوجوان سفارت کار کوبڑا کے ساتھ پیش آئے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ میری دو بیٹیاں دیویانی کوبڑا گاڑے کی ہم عمر ہیں۔ایک باپ کی حیثیت سے بھی مجھے دیویانی کے ساتھ پیش آئے واقعے پر گہرا دکھ ہے”۔
ادھر اقوام متحدہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیویارک میں بھارتی سفارت کارہ کی مبینہ توہین کے حوالے سے نئی دہلی کی جانب سے ایک اہم پیغام عالمی ادارے تک پہنچایا ہے۔ اس پیغام میں نیویارک میں پیش آئے افسوسناک واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات پر زور دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکی حکام کی جانب سے بھی معاملے پراٹھانے کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ملک بحران کےحل کے لیے اقوام متحدہ کی مدد لےسکتے ہیں۔
ادھر بھارتی اخبار”ٹائمزآف انڈیا” کی رپورٹ کے مطابق دیویانی کوبڑا نے اپنے دوستوں کو ایک ای میل کی ہے جس میں اپنے ساتھ پیش آئے واقعے کی کچھ تفصیلات بھی بیان کی ہیں۔ ان کا کہنا ہے امریکی پولیس نے میرے ساتھ نہایت توہین آمیز سلوک کیا۔ حراست میں لیے جانے کے بعد مجھے نشے کے عادی مجرموں کے ساتھ رکھا گیا۔ میں چیختی رہی کہ سفارت کی حیثیت سے مجھے سفارتی تحفظ حاصل ہے۔ لیکن میری ایک نہیں سنی گئی”(العربیہ )