برسلز: یورپی یونین نے تارکینِ وطن کے بڑھتے ہوئے بحران پر قابو پانے کے لیے آئندہ ماہ ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ یورپی یونین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تارکینِ وطن کی تعداد بہت زیادہ بڑھ گئی ہے اور 28 ارکان ممالک کے وزرائے داخلہ 14 ستمبر کو اس پر بات کرنے کے لیے ایک غیر معمولی ملاقات کریں گے۔
ہنگامی اجلاس میں تارکینِ وطن کے مسئلے کے حل کے لیے یورپی ممالک کے باہمی تعاون، غیر قانونی طور پر مہاجرین کی سمگلنگ اور انھیں ان کے ممالک میں واپس بھجوانے کی پالیسی پر بات چیت کی جائے گی۔ اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ پناہ کی تلاش میں آنے والوں کی تعداد میں اضافے کی اہم وجہ شام میں بڑھتی ہوئی کشیدگی ہے۔
یونان، اٹلی اور ہنگری میں داخلے کی کوشش کرنے والوں میں شام کے علاوہ مشرقِ وسطی کے دیگر ممالک اور افریقہ سے تعلق رکھنے والے بھی شامل ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق جنوری 2015 سے لے کر اب تک 2500 تارکینِ وطن ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے زیادہ تر کی ہلاکت بحیرہ روم کو عبور کرنے کی کوشش میں ہوئی۔
جرمنی، فرانس اور برطانیہ نے کہا ہے کہ یورپی یونین کو چاہیے کہ وہ محفوظ ممالک کی ایک فہرست تیار کرے جس کی مدد سے ان ممالک سے آنے والے تارکینِ وطن کو فوری طور پر واپس بھجوایا جائے۔ جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے اتوار کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اب یکجہتی دکھانے کی ضرورت ہے۔