یمن کے صوبہ صعدہ پر سعودی حکومت کے جارح لڑاکا طیاروں کے حملے میں ایک بچے سمیت سات افراد شہید ہوگئے
یمن کی سرکاری نیوز ایجنسی سبا کی رپورٹ کے مطابق صوبہ صعدہ کے مقامی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ اس صوبے کے رازح علاقے پر سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کے حملے میں سات شہری شہید اور پانچ دیگر زخمی ہوگئے- ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے اور مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے- اس حملے میں متعدد رہائشی مکانات بھی تباہ ہوگئے ہیں-
اس سے قبل خبری ذرائع نے اعلان کیا تھا کہ پیر کے روز صوبہ مآرب کے بازار صرواح پر سعودی طیاروں کی بمباری میں چار شہری شہید اور پندرہ زخمی ہوگئے تھے- مقامی ذرائع کی رپورٹ کے مطابق اس حملے میں بھی زخمی ہونے والوں کی حالت نازک تھی جس کے سبب انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا-
سبا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی جارح فوج، پیر کے روز جیزان کے علاقے دار النصر میں اپنے فوجی اڈے کو یمنی فوج اور عوامی رضا کار دستوں سے واپس لینے میں ناکام ہوگئی اور اسے بھاری نقصان اٹھانا پڑا- یمنی فوج اور عوامی دستوں نے اس کارروائی میں جیزان کےشہر الخوبہ میں سعودی فوج کے تین ٹینک تباہ کردیئے-