دوبئی:انل امبانی کی سربراہی والے ریلائنس گروپ نے ہندوستان اور قطر کے درمیان اقتصادی رشتوں کو وسعت دینے کیلئے اپنے تعاون کی خواہش ظاہر کی ہے۔
گروپ نے کہا ہے کہ وہ اس خلیجی ملک کے ساتھ کاروباری تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ امبانی نے تیل کی دولت سے مالامال اس ملک کے سفر کے دوران کل قطر وزیر اعظم شیخ عبداللہ بن ناصر بن خلیفہ الثانی اور دیگر سینئر وزرا سے ملاقات کی امبانی نے مختلف میدانوں میں ریلائنس گروپ کی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے قطر کے ساتھ کاروباری تعاون کو فروغ دینے کےلئے اپنی دلچسپی کے ممکنہ حلقوں پر تبادلہ¿ خیال کیا امبانی کے ساتھ سینئر کار گزار بھی قطر گئے ہیں۔
انہوں نے قطر کے لوگوں سے ہندوستان اور قطر کے درمیان بڑھ رہی اقتصادی حصہ داری میں گروپ کی دلچسپی کے بارے میں تفصیلات پیش کیں اس موقع پر قطر میں ہندوستان کے سفیر سنجیو اروڑا بھی موجود تھے۔ دوہا بینک گروپ کے چیف کارگزار آر سیتا رمن کے ذریعہ منعقد ایک مذاکرے کے دوران امبانی نے کئی صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر قطر ایئر ویز گروپ کے سی ای او اکبر الباقر مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔