کولمبو: بھارت نے سری لنکا کو کولمبو ٹیسٹ میں 117 رنز سے شکست دے کر 3 میچز پر مشتمل سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی جب کہ بھارت 11 سال بعد سری لنکا کے خلاف سیریز جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔ منگل کو ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز سری لنکن ٹیم میں میدان میں اتری تو شکست کے گہرے بادل اس کے سر پر منڈ لا رہے تھے۔ سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز نے شاندار سنچری سکور کی لیکن اپنی ٹیم کو فتح نہ دلوا سکے۔ منگل کو کھیل کے پانچویں اور آخری دن سری لنکا کی سات وکٹیں گریں۔ ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد میتھیوز نے کشال پریرا کے ساتھ مل کر ٹیم کو سنبھالا اور چھٹی وکٹ کے لیے 135 رنز کی شراکت قائم کی۔ اس شراکت کا خاتمہ نصف سنچری بنانے والے پریرا کی وکٹ گرنے پر ہوا جو 70 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ایشون کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ان کے جانے کے بعد جلد ہی میتھیوز بھی 110 رنز بنا کر ایشانت شرما کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے۔ اینجلو میتھیوز نے زبردست دباؤ میں شاندار سنچری سکور کی لیکن اپنی ٹیم کو فتح نہ دلوا سکے۔ سری لنکا کا لوئر آرڈر بھی زیادہ دیر جم نہ سکا اور پوری ٹیم اننگز کے 85 ویں اوور میں پویلین لوٹ گئی۔ دوسری اننگز میں بھارت کے لیے روی چندرن ایشون چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔ ان کے علاوہ پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں لینے والے ایشانت شرما نے تین، امیش یادو نے دو جبکہ امت مشرا نے ایک سری لنکن بلے باز کو آوٹ کیا۔ ۔میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے بھارتی بلے باز چیتسور پجارا کو میچ کا بہترین کھلاڑی جب کہ روی چندرن ایشونت کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔