لندن: معروف قانون دان عبدالحفیظ پیرزادہ برطانیہ میں انتقال کرگئے۔ حفیظ پیرزادہ کئی ماہ سے بیمار تھے۔ میت جمعے کے روز پاکستان روانہ کئے جانے کا امکان ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق عبدالحفیظ پیرزادہ علالت کے باعث برطانیہ کے شہر ریڈنگ میں انتقال کرگئے، ان کی عمر 74 برس تھی۔ عبدالحفیظ پیر زادہ 6 ہفتے قبل جوڈیشل کمیشن کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لندن چلے گئے تھے جہاں ان کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں ریڈنگ کے برکشائر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ چند روز پہلے ان کی صحت بہتر ہونا شروع ہو گئی تھی تاہم گزشتہ رات ان کی طبیعت دوبارہ خراب ہوگئی اور وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق عبدالحفیظ پیرزادہ کی میت برکشائراسپتال کیسردخانے میں منتقل کردی گئی ہے، جہاں سے جمعے کو پاکستان روانہ کردی جائیگی۔ وہ کچھ عرصے سے لندن میں زیرعلاج تھے۔ عبدالحفیظ پیرزادہ 1941 میں پیداہوئے تھے۔
وہ ذوالفقارعلی بھٹوکے قانونی مشیربھی رہے۔ انہوں نے وزیرقانون کی حیثیت سے خدمات بھی انجام دیں۔ وہ 1973 کا آئین ترتیب دینے والی کمیٹی کے رکن رہے۔ عبدالحفیظ پیرزادہ ذوالفقارعلی بھٹو کا کیس لڑنیوالے وکلا میں بھی شامل تھے۔ خیال رہے کہ پیرزادہ نے 1973 کا آئین تحریر کیا تھا، جسے پارلیمنٹ سے متفقہ منظوری ملی۔