لکھنؤ ۔ چہلم کے موقع پر نکلنے والے جلوسوں کے پیش نظر ٹریفک نظام میں ردو بدل کیا گیاہے۔ جلوس منگل کی دوپہر کو ناظم صاحب کے امام باڑہ سے اٹھ کر کربلائے تالکٹورہ جائے گا۔ اس کے علاوہ بادشاہ نگر کر بلا پر بھی تعزیے دفن کئے جائیں گے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ٹریفک نظام میں تبدیلی کی ہے۔ ایس پی ٹریفک سبھاراج یادو نے بتایا کہ کملا نہرو کراسنگ سے پاٹانالہ چوکی کی طرف گاڑیاں نہیں گذریں گی۔ یحیٰ گنج کی طرف سے آنے والی گاڑیاں نخاس تراہے سے وکٹوریا اسٹریٹ اور نخاس تراہے سے ٹوریا گنج کی طرف نہیں جاسکیںگی۔ یہ گاڑیاں نخاس تراہے سے بائیں جانب ٹوریا گنج ہوکر گذریں گی۔ لیکن جلوس شروع ہوتے ہی اس سڑک پر مکمل طور پر گاڑیوں کی آمد ورفت بند کردی جائے گی۔ عیش باغ کی جانب سے آنے والی گاڑیاں مادھو لال تراہے سے ٹوریا گنج یا مل ایریا ، بلاقی اڈہ ہوکر جاسکتی ہیں۔ دوسری طرف عالم باغ لنگڑا پھاٹک کی طرف سے آنے والی گاڑیاں جلال پور ریلوے کراسنگ سے رنجیت سنگھ بلڈنگ ہوکر نہیں جاسکیںگی۔ یہ گاڑیاں جلال پور ریلوے کراسنگ پار کرکے اور راجاجی پورم اے بلاک تراہے سے جاسکیں گی۔ راجاجی پورم کی طرف سے آنے والی گاڑیاں مینا بیکری چوراہے سے مل ایریا تراہے اور بلاقی اڈے کی طرف نہیں جاسکے گی۔ مویا چوراہے سے آنے والی گاڑیاں ایورریڈی چوراہے سے پہلے بھوسا منڈی تراہے سے موڑ دی جائیں گی۔تیجی کھیڑا ریلوے کراسنگ سے کربلا راجا جی پورم کی طرف کوئی بھی گاڑی نہیں جاسکے گی۔ دوسری طرف جی ٹی آئی سے بادشاہ نگر کی طرف آنے والی روڈ ویز اور سٹی بسیں جی پی آئی تراہے سے گومتی نگر اووربرج ہوکر جائیں گی۔ حضرت گنج گول مارکیٹ ، پوسٹ آفس ، مہانگر چوراہے سے بادشاہ نگر کی طرف کوئی بھی گاڑی نہیں جائے گی۔ یہ گاڑیاں ۳۵ویں واہنی پی اے سی ہیڈکوارٹر سے ہوکر جاسکیں گی۔ سینٹرل بینک تراہے سے روڈ ویزاور سٹی بسیں نشاط گنج کی طرف نہیں جاسکیں گی۔ یہ گاڑیاں چھنی لال چوراہے سے وائر لیس چوراہہ ہوتے ہوئے جاسکیں گی۔ اسی طرح دیگر راستوں پر بھی گاڑیاں کی آمد ورفت پر بندش لگائی گئی ہے۔