لاہور: دلبرداشتہ سعید اجمل ریٹائرمنٹ پرغور کرنے لگے، آف اسپنر کا کہنا ہے کہ اگر پی سی بی کے پلان کا حصہ نہیں تو بتا دیا جائے تاکہ باوقار انداز میں عزت نفس کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ سکوں۔ تفصیلات کے مطابق بولنگ ایکشن کی اصلاح کے بعد سعید اجمل رواں سال اپریل میں انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آئے لیکن بنگلہ دیش کیخلاف سیریز کے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچز میں متاثر کن کارکردگی نہ دکھا پائے تھے آف اسپنر کو انگلش کاؤنٹی کرکٹ کھیل کر ردھم حاصل کرنے کا مشورہ دیا گیا لیکن وہاں بھی رنگ نہ جما پائے، انھوں نے 8 میچز میں 48.50 کی اوسط سے صرف 16 وکٹیں حاصل کیں۔ اس معیار پر سلیکٹرز مطمئن نظر نہیں آتے اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ان کی بولنگ جانچنے کا اشارہ بھی دے چکے ہیں۔ سعید اجمل نے کہا کہ میں ہمیشہ میرٹ اور اپنی پرفارمنس کے بل بوتے پر کھیلا ہوں لیکن اگر پاکستان کرکٹ بورڈ سمجھتا ہے کہ قومی ٹیم کی جانب سے مزید نہیں کھیل سکتا تو اس سے درخواست کروں گا کہ مجھے بتادیں، یوں میں باوقار انداز سے عزت نفس کے ساتھ ریٹائر ہوسکوں گا۔