بیجنگ:چین کے صدرزی جن پنگ نے آج کہا کہ چین اپنے فوجیوں کی تعداد میں تین لاکھ تک کی کمی کرے گا۔دوسری جنگ عظیم کے اختتام کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر ملک کی فوجی طاقت کا شاندار مظاہرہ کرنے کے لئے تیان مین چوک پر منعقد شاہانہ پریڈ کا افتتاح کرتے ہوئے چینی صدر نے کہا کہ چین ہمیشہ سے دنیا میں امن کا حمایتی رہا ہے ۔
مستقبل میں بھی وہ امن اور ترقی کے راستے پر چلے گا۔ فوجی طاقت میں کمی اسی کی منصوبہ بندی کا اہم حصہ ہے ۔واضح رہے کہ چین کے تیان مین چوک پر 12 ہزار سے زائد فوجیوں کا پرشکوہ پریڈ منعقد کیا گیا تھا۔اس میں زیادہ تر چینی فوجی اور کچھ روس کے فوجی بھی شامل تھے ۔پریڈ میں چین نے اپنے جوہری ہتھیاروں کا بھی خوب خوب مظاہرہ کیا۔ فوج کی بکتر بند گاڑیاں، ٹینک، لڑاکا طیارے اور کئی بڑے ہتھیاروں کا مظاہرہ بھی اس موقع پر کیا گیا۔ٹیلی ویژن پر پریڈ کو براہ راست نشر کیا گیا۔
پریڈ کے موقع پر مسٹر جن پنگ کے ساتھ روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے علاوہ کئی بڑے غیر ملکی لیڈر موجود تھے ۔ اگرچہ مغربی ممالک نے پریڈ کا بائیکاٹ کیا۔ خاص طور سے جاپان نے پریڈ کے دوران مسٹر جن پنگ کے اس بیان کی سخت مذمت کی جس میں انہوں نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے دوران جاپان کی فوج نے بہت وحشیانہ طریقے اختیار کئے ۔مسٹر جن پنگ نے پریڈ کی تقریب میں شامل ہونے کے لئے جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبے کو دعوت نامہ بھیجا تھا لیکن وہ نہیں پہنچے ۔