سری نگر: کل رات سرحدی ضلع کپواڑہ کے جنگجووں میں شروع ہوئی خونریز جھڑپ میں چار جنگجو اور ایک فوجی مارا گیا ہے ۔ یہ جنگجو غالباً غیر ملکی تھے ۔ پچھلے دو روز کے دوران شمالی کشمیر میں جنگجووں اور سلامتی دستوں کے دوران یہ دوسرا انکاو¾نٹر ہے ۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ جنگجوں کی موجودگی کے بارے میں خفیہ اطلاعات ملنے کے بعد فوج اور جموں کشمیر پولیس کی خصوصی کارروائی فورس نے کل رات کپواڑہ کے ولگام کے جنگلوں میں مشترکہ کارروائی شروع کی۔جب سلامتی دستے جنگل کے اندر داخل ہورہے تھے تو جنگجووں نے خود کار ہتھیار سے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی اور ہتھ گولے پھینکے ۔ سلامتی دستوں نے جواباً گولی چلائی جس پر شروع ہوئی جھڑپ کئی گھنٹہ چلی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ کے آغاز میں ایک فوجی بری طرح زخمی ہوگیا تھا بعد میں وہ چل بسا۔بہرحال تاریکی اور گہرے جنگل کی وجہ سے کارروائی روک دی گئی اور جنگجووں کی بندوقیں بھی خاموش ہوگئیں ۔سلامتی دستوں کی اضافی نفری علاقہ میں بھیجی گئی ہے تاکہ جنگجووں کی فرار ہونے کی کوشش ناکام بنائی جاسکے ۔