لاہور: صوبائی دارالحکومت میں سٹیج فنکار افتخار ٹھاکر کی جانب سے ہائیکورٹ میں بھارتی فلموں کی نمائش پر ملک میں پابندی عائد کئے جانے کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار کے وکیل کو ہدایت کی کہ وہ اس حوالے سے متعلقہ فورم سے رجوع کریں۔ تفصیلات کے مطابق سٹیج اداکار افتخار ٹھاکر نے اپنے وکیل کی وساطت سے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی کہ سرحدوں پر بھارتی جارحیت سے پاکستانی شہید ہو رہے ہیں اور ہمارے گھروں میں بھارتی کلچر داخل ہورہاہے اور بچے بھی ان کی زبان بول رہے ہیں۔
پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کی جائے۔ جسٹس اعجاز الاحسن کی عدالت نے جب درخواست گزارکے وکیل سے استفسار کیا کہ اس حوالے سے ہائیکورٹ میں درخواست سے قبل انہوں نے سنسر بورڈ سمیت متعلقہ فورم سے رجوع کیا ہے۔ وکیل کے نفی میں جواب کے بعد عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ فورم سے رجوع کریں ۔ یہ حکومتی پالیسی کا معاملہ ہے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا گیا۔