لندن: فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی (فیفا) کی عالمی درجہ بندی میں ویلز کی ٹیم پہلی مرتبہ انگلینڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نویں نمبر پر براجمان ہو گئی ہے، بھارت کی پوزیشن پاکستان سے بہتر 155 درجے جبکہ پاکستان 170 نمبر پر براجمان ہے ۔ یورو 2016 کے کوالیفائر کے سلسلے میں سائپرس سے میچ کی تیاریوں میں مصروف ویلز کی ٹیم اس وقت فیفا کی درجہ بندی میں نویں نمبر پر موجود ہے۔ ویلز کی اس کامیابی کی وجہ سے انگلینڈ کی رینکنگ میں دو درجہ تنزلی ہے جو آٹھویں سے دسویں نمبر پر پہنچ گئی ہے جبکہ چلی کی ٹیم دو درجہ ترقی کر کے آٹھویں نمبر پر آگئی ہے۔
ویلز اس وقت عالمی درجہ بندی میں اپنی نویں نمبر پر موجود ہے جو اس کی فیفا درجہ بندی میں سب سے بہترین پوزیشن ہے۔ اس کے علاوہ فیفا رینکنگ میں ابتدائی سات پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں آئی جہاں ارجنٹینا پہلے، بیلجیئم دوسرے، جرمنی تیسرے، کولمبیا چوتھے، برازیل پانچویں، پرتگال چھٹے اور رومانیہ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔ اسپین کی ٹیم گیارہویں جبکہ ہالینڈ کا 12 واں نمبر ہے۔ ویلز کے منیجر کوس کول مین نے کہا کہ رینکنگ میں انگلینڈ پر برتری سے ہمارے اعتماد میں اضافہ ہو گا لیکن حقیقتاً ہم میچز میں فتح کی بدولت ہی یورو 2016 کیلئے کوالیفائی کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں لیکن رینکنگ ہمیں فرانس لے کر نہیں جائے گی اور ہم فتح کی بدولت ہی فرانس جا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ 2016 یورو کپ کا انعقاد فرانس میں ہو گا اور ویلز کی اس میں رسائی کے امکانات کافی روشن ہیں۔ ویلز کو پہلی مرتبہ 1993 میں فیفا رینکنگ میں متعارف کرایا گیا اور وہ رواں سال جون میں پہلی مرتبہ ابتدائی دس ٹیموں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے تھے۔ اگر کوالیفائنگ راؤنڈ میں ویلز اسرائیل اور سائپرس کو شکست دیتا ہے تو وہ ا آئندہ ہ سال ہونے والے یورو کپ کیلئے کوالیفائی کر لے گا اور 1958 کے بعد پہلا موقع ہو گا کہ وہ بڑے عالمی مقابلے میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔