لکھنو : تالکٹورہ علاقے میں ماں کو لینے پہنچے بیٹے نے کہاسنی ہونے پر چھوٹے بھائی کو گولی ماردی ۔ گولی اس کے سینے میں لگی ۔ خون سے لت پت نوجوان کو پڑوسیوں نے نجی اسپتال میں کرایا جہاں سے اسے ٹراماسینٹر میں منتقل کردیا گیا ۔ ملزم کے ساتھ ماں نے جانے سے انکار کردیا تھا۔ جب اس نے زبردستی ماں کو لے جانے کی کوشش کی تو چھوٹے بھائی نے بھی ماں کی طرف داری کی ۔ بس اس بات سے ناراض ہوکر بڑے بھائی نے چھوٹے بھائی پر گولی چلادی ۔
راجہ پورم ڈی بلاک ٹوٹی دیوار کے نزدیک ریلوے لائن کے کنارے جھونپڑی بناکر رہنے والے انل راٹھور (۲۰) کو کل دیر رات اس کے بڑے بھائی رام شرن نے ماں کو لے جانے سے منع کرنے پر گولی ماردی ۔ واردات انجام دینے کے بعد ملزم بھاگ نکلا ۔ گولی چلنے کی آواز سنتے ہی آس پاس کے علاقے میں افرتفری مچ گئی ۔ پڑوسیوں نے انل کو ٹراماسینٹر میں داخل کرایا۔