نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے اسکول کے بچوں سے ویڈیو لنک کے ذریعہ آج براہ راست بات چیت کی۔ وزیر اعظم نے طلبہ کو ہر میدان میں آگے بڑھنے کے لئے حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ بچوں کوبہتر انداز میں تیارکریں کیوں کہ ملک کو ‘روبوٹ ’نہیں بلکہ ایک ذمہ دار اورمہذب شہری کی ضرورت ہے ۔مسٹر مودی نے یہاں مانیکشاکیندر سے مختلف ریاستوں کے طالب علموں کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر بچے میں ٹیلنٹ ہے لیکن اسے بہتر بنانے کے لئے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پڑتی ہے ۔
یہ موقع اساتذہ کے ذریعے ہی ان کے شاگردوں کو مل سکتا ہے کیونکہ طالب علم اپنی زندگی کا بیشتر وقت آپ (اساتذہ) کے ساتھ صرف کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ استاد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے طالب علم کو اس طرح سے تیار کریں کہ ملک کی آئندہ نسل مہذب، باصلاحیت ، حساس اور ذمہ دارہو۔ اساتذہ سے اپیل کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ ملک کو پڑھے لکھے اور باصلاحیت ‘روبوٹ’ نہیں چاہئے بلکہ وہ طلبہ میں ایسی صلاحیت پروان چڑھائیں کہ وہ ذمہ دار شہری بن سکیں اور ملک کے کام آئیں۔انہوں نے کہا کہ حساس شہری ملک کا سرمایہ ہے اور وہ پورے معاشرے کے سمت دے سکتا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ زندگی میں آرٹ ضروری ہے اورفن انتہائی مشقت سے حاصل کی جاتی ہے ۔
بغیر فن کی زندگی ‘روبوٹ’ہوتی ہے اور ہمیں روبوٹ بننے سے بچنا ہے ۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام اسکولوں میں کھیلوں کو لازمی کیا جانا چاہئے کہ اس میں جسم میں توانائی آتی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ نئی نسل کو پڑھانے اور بڑھانے کے ساتھ ہی ہماری ذمہ داری ملک کو آگے بڑھانے کی بھی ہے اور یہی طلبہ ہمارے مستقبل ہیں ۔