نئی دہلی: صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی نے ہندوستان کی جمہوریت کو دنیا کی طاقتور ترین جمہوریت قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ اس کے استحکام اور مضبوطی کی زندہ جاوید مثال ہے کہ وہ گا¶ں سے نکل کر رائے سینا ہل تک پہنچ سکے ۔مسٹر پرنب مکھرجی نے راشٹریہ پتی بھون کے احاطے میں واقع ڈاکٹر راجندر پرساد سروودیہ اسکول کے طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی جمہوریت کی یہی خوبی ہے کہ اس میں ملک کے ہر شہری کو مساوی حقوق دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ” دنیا ہماری مضبوط ترین جمہوریت کی قائل ہو چکی ہے ۔ اس کی اسی خاصیت کے سبب میں گا¶ں سے رائے سینا ہل ( راشٹریہ پتی بھون) تک پہنچ سکا۔
پسماندہ علاقے کا ہونے کے باوجود میں ہندوستانی سیاست کے مرکز تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہا”۔ ا نہوں نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنی ماں کو دیتے ہوئے کہا کہ وہ بچپن میں بہت شرارتی تھے ، لیکن ان کی ماں نے سخت محنت کرنے کے لئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور بالآخر وہ اس مقام تک پہنچ سکے ۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے انگریزی اور تاریخ کے اساتذہ کی ستائش بھی کیا۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ پیشے کے طور پر تدریس کو معاشرے میں عزت اور شناخت ملنی چاہئے ۔ اساتذہ کو ان کے رول اور طالب علموں کے تئیں ان کی قربانی کے لئے ان کے شایان شان قدر و منزلت کا مقام ملنا چاہئے ۔