لکھنو:مذہبی مقامات کے آس پاس سے شراب اور گوشت کی دکانیں ہٹائے جانے کے کے سلسلہ میں راشٹر رکشا یووا واہنی کے کارکنان نے اتوار کو عالم باغ سے حضرت گنج واقع گاندھی مجسمہ تک موٹر سائیکل ریلی نکالی۔
اس دوران سبھی نے انتظامیہ کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔ دوپہر بعد کارکنان نے گورنر کے نام ضلع انتظامیہ کے افسر کو عرضداشت سونپ کر مظاہرہ ختم کیا۔ ضلع صدر ستیم ترپاٹھی نے کہا کہ حال ہی میں ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود راجدھانی میں مذہبی مقامات اور اسکولوں کے ۱۰۰ میٹر کے دائرہ میں شراب اور گوشت کی دکانیں چل رہی ہیں اس سے مذہبی عقیدہ مجروح ہو رہا ہے۔ ساتھ ہی ماحولیات کے ساتھ سماجی مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں۔
کارگزار صدر آشیش ترپاٹھی نے کہا کہ تالکٹورہ روڈ واقع مذہبی مقام اور عالم باغ کے لنگڑا پھاٹک چوراہا واقع عبادت گاہ سے دس میٹر کی دوری پر گوشت کی دکانیں چل رہی ہیں۔ انتظامیہ کو کئی مرتبہ عرضداشت دے کر ان دکانوں کو ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا لیکن ابھی تک انتظامیہ نے اس پر کوئی کارروائی نہیں کی۔