نئی دہلی :انٹرپول نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے سابق سربراہ للت مودی کے خلاف ثبوتوں کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری کرنے کی ضرورت کی وجہ پوچھی ہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق انٹرپول نے گزشتہ 20 اگست کو ہی ای ڈی سے کئی سوال پوچھے تھے ۔ انٹرپول نے ای ڈی سے للت مودی کے خلاف ثبوت مانگنے کے ساتھ ساتھ، اس کیس کے دیگر ملزمان کی تفصیلات اور تحقیقات میں ہوئی دیر کی وجہ پوچھی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ مرکزی تفتیشی بیورو نے حال میں ہی للت مودی کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس کے لئے انٹرپول میں متعلقہ دستاویزات جمع کرائے تھے ۔ للت مودی کے خلاف اگر ریڈ کارنر نوٹس جاری ہوجاتا ہے تو انٹرپول سابق آئی پی ایل کے سربراہ کو مالٹا سے گرفتار کرکے واپس ہندوستان لا سکتا ہے ۔