راولپنڈی: ایڈیشنل سیشن جج راولپنڈی رانا زاہد اقبال نے اداکارہ مشی خان کی عبوری ضمانت میں آج تک توسیع کرتے ہوئے مدعی مقدمہ اور وکیل کو حاضر ہونے کی آخری مہلت دے دی ہے۔ گزشتہ روز سماعت کے موقع پر مشی خان اور انکے وکیل راجہ نزیر ایڈوکیٹ پیش ہوئے لیکن مدعی مقدمہ اور ان کے وکیل غیر حاضر تھے۔ جس پر فاضل جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں آج حاضر ہونے کیلئے آخری موقع دیا کہ اگر وہ نہ آئے تو درخواست ضمانت پر فیصلہ سنا دیا جائے گا۔ مشی خان کے وکیل راجہ نذیر ایڈووکیٹ نے عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ درخواست ضمانت پر بحث کیلئے تیار ہیں لیکن مدعی مقدمہ کے وکیل پیش نہ ہوئے تو بحث نہیں ہو سکی ہے۔ ملزمہ کا اس مقدمے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔