نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی عالمی معیشت میں جاری زبردست اتھل پتھل کے درمیان ہندوستانی معیشت کو ایسے خطرات سے محفوظ رکھنے کے ساتھ ہی ان نازک حالات میں بھی ملک کے لئے کاروباری امکانات پر غور کرنے کے لئے آج اقتصادی ماہرین اور صنعت کاروں کے ساتھ اعلی سطحی میٹنگ کریں گے ۔
‘عالمی واقعات ۔ ہندوستان کے لئے موقع’ پر ہونے والی اس میٹنگ میں تقریبا 40 نمائندوں کے حصہ لینے کی امید ہے ۔ اس میں کابینہ وزیر، سینئر سرکاری افسر، ریزرو بینک آف انڈیا، صنعتی تنظیموں کے نمائندے ، اعلی بینکر اور اقتصادی ماہر حصہ لیں گے ۔میٹنگ میں تیزی سے تبدیل ہوتے عالمی اقتصادی منظر نامے کے ہندوستانی معیشت پر پڑنے والے اثرات کی گہرائی سے جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ موجودہ حالات میں ہندوستانی مفادات کے تحفظ پر بھی بحث ہونے کا امکان ہے ۔ چین کی اقتصادی پالیسیوں اور امریکی معیشت میں آ نے والی مضبوطی کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں حالیہ ہونے والی بھاری اتھل پتھل کے پیش نظر گزشتہ دو ماہ میں وزیر اعظم کی صنعتی تنظیموں اور صنعت کاروں کے ساتھ یہ دوسری میٹنگ ہے ۔میٹنگ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے راستے میں آنے والی رکاوٹوں، صنعتوں کو قرض ملنے میں دقت اور کاروبار کے لئے سہولتیں بڑھانے جیسے مسئلے بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ تحویل اراضی بل اوراشیا اور سروس ٹیکس بل کے راستے میں آ نے والی رکاوٹوں پر بھی بحث ہو سکتی ہے ۔
میٹنگ وزیر اعظم کے ریس کورس روڈ پر واقع سرکاری رہائش گاہ پر منعقد کی گئی ہے ۔