سان ڈیاگو: امریکا میں زہریلا کھیرا کھانے سے خاتون اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی جب کہ زہریلے کھیرے کے باعث 300 افراد کی حالت بھی غیر ہوگئی۔ کھیرے کا شمار ان سبزیوں میں ہوتا ہے جو اپنے اندر بے پناہ غذائیت رکھتا ہے اور اس میں بہت سی بیماریوں کا بھی علاج موجود ہے لیکن امریکا میں کھیرے نے نہ صرف خاتون کی جان لے لی بلکہ 300 کے قریب افراد کو بیمار بھی کردیا۔
امریکی ریاست میکسیکو میں اگنے والے کھیرے کی ایسی کھیپ کو امریکا کے دوسرے شہروں میں سپلائی کیا گیا جو کہ مضر صحت تھا اوار اس کو کھانے کے بعد 300 کے قریب افراد نہ صرف بیمار پڑ گئے بلکہ سان ڈیاگو سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون انتقال بھی کرگئیں۔ محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ کھیرے میں پائے گئے بیکٹیریا کی وجہ سے یہ صورتحال رونما ہوئی ہے جب کہ اسے کھانے سے بیمار ہونے والوں میں زیادہ تر افراد کی عمر 18 سال سے کم ہے۔ کھیرے کی سپلائر کمپنی نے اس واقعے کے بعد مارکیٹ سے کھیرے کی تمام کھیپ کو واپس منگوا لیا ہے اور کمپنی کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے صارفین کی صحت اور حفاظت ہمارے لیے ہمیشہ سے اول ترجیح رہی ہے۔