لاس ویگاس: امریکہ کے لاس ویگاس شہر میں برٹش ایئرویز کے ایک طیارے میں آگ لگنے سے عملے کے اراکین اور کئی مسافر معمولی طور پر زخمی ہوگئے ۔ طیارے کے پرواز بھرنے کے ٹھیک پہلے یہ آگ لگی جس میں عملہ کے 13 اراکین اور 159 مسافر سوار تھے ۔ویڈیو فوٹیج میں لندن کے لئے کل پرواز بھرنے والے بوئنگ 777 کو آگ اور دھوئیں سے گھرا ہوا دیکھا گیا۔ ذرائع کے مطابق سب سے پہلے اس طیارہ کے انجن میں آگ لگی، جسے دیکھ کر پائلٹ نے پرواز روک دی۔
فوراً ہی تمام مسافروں اور عملہ کے اراکین کو طیارے سے اتار لیا گیا لیکن دیکھتے ہی دیکھتے پورا طیارہ دھوئیں اور آگ کی لپٹوں میں گھر گیا۔ طیارے کی کمپنی کی ترجمان کے مطابق اس حادثہ میں کئی افراد زخمی ہوگئے ۔ترجمان نے زخمیوں کی واضح تعداد نہیں بتائی۔
ترجمان کے مطابق ایئر پورٹ پر موجود ایمرجنسی سروس نے فوراً ہی آگ پر قابو پالیا۔ کمپنی کی ترجمان نے بتایا کہ تمام مسافروں کو ہوٹل میں قیام کی سہولت دی جارہی ہے اور ان کی دیگر ضروریات کا بھی خیال رکھاجارہا ہے ۔