لکھنو: سابق وزیر اعظم آنجہانی جواہر لعل نہرو نے بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راوامبیڈکر کو مناسب اعزاز دیا۔ پنڈت نہرو کے کہنے پر ہی بابا صاحب کو آئین کا چیئر مین بنایا گیا۔ یہ بات ریاستی کانگریس درج فہرست ذات محکمہ کے چیئر مین بھگوتی پرساد چودھری نے کہی۔مذکورہ باتیں بابا صاحب کے یوم پیدائش کے ۱۲۵برس مکمل ہونے پر ریاستی کانگریس کی جانب سے نکالی گئی بھیم جیوتی یاترا کے پہلے مرحلہ کے اختتام پر صحافیوں کو خطاب کرتے ہوئے کہیں۔
پارٹی ہیڈکوارٹر پر صحافیوں کو خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ کانگریس ملک کی تمام عظیم شخصیات کی بغیر تفریق عزت کرتی ہے ۔ مسٹرچودھری نے کہا کہ یاترا کا آئندہ مرحلہ پنچایت الیکشن منعقد ہونے کے بعد شروع ہوگا جس کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ پہلے مرحلہ کی یاترا کی تفصیل پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یاترا کے دوران ریاست کے انیس اضلاع میں ۳۷ جلسے اور ۷۴ نکڑ جلسے ہوئے۔ یاترا کے دوران دلت بستیوں میں رات میں قیام کیا اور ان کے گھروںمیں کھانا کھاکر مقامی پارٹیوں کی بابا صاحب کو صرف اپنا بتانے کی سازش سے روشناس کرایا۔ا س دوران دلت سماج میں کانگریس کے تئیں پھیلائی گئی مقامی پارٹیوں کی گمراہیوں کو دور کر کے انہیں کانگریس سے نزدیک کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی روایت رہی ہے کہ ملک کی عظیم شخصیات کے یوم پیدائش اور برسی مناکر انہیں یاد کیا جائے۔ مسٹر چودھری نے کہا کہ بابا صاحب کو صرف ایک طبقہ کا نہیں کہا جا سکتا بابا صاحب نے ایک طبقہ کیلئے نہیں بلکہ ملک کے ہر شہری کیلئے آئین بنایا۔
انہوںنے کہا کہ مختلف اضلاع میں سیل اور محکمہ کے ضلع و شہر صدور سمیت کانگریس ضلع و شہر صدور نے یاترا کا شاندار خیر مقدم کیا۔ گزشتہ بیس اگست کو لکھنوسے شروع ہوئی بھیم جیوتی یاترا بارہ بنکی، بہرائچ، شراوستی، مہاراج گنج، دیوریا، بلیا ، مﺅ، بستی، فیض آباد، سلطانپور اور امیٹھی ہوتے ہوئے منگل کو لکھنو¿ دفتر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ اس سے قبل یاترا کے منتظم کرسٹوفر تلک نے کہاکہ یاترا کا مقصد بابا صاحب کے آدرشوں اور ان کے خیالات کو دل میں اتارنا ہے نہ کہ انہیں اپنے سر پر رکھ کر گھومنا ہے۔ یاترا چار مرحلوں میں پوری ریاست کے تمام اضلاع کا دورہ کرے گی۔اس دوران یاترا میں شامل عہدیداروں سمیت محکمہ کے عہدیدار اور کارکنان شامل تھے۔