لکھنو:گھر کے باہر بیٹھی باتیں کر رہیں خواتےن کو وہاں سے گزر رہے ٹریکٹر نے ٹکر مار دی جس سے ایک خاتون ٹریکٹر کے پہیہ کی زد میں آگئی جبکہ دیگر ٹکر کے سبب دور جا گریں۔ زخمی خواتین کو گاو¿ں والوں نے اسپتال میں داخل کرایا جہاں علاج کے دوران ایک خاتون کی موت ہو گئی ۔اس کے علاوہ گوسائیں گنج میں ہوئے سڑک حادثہ میں ایک نوجوان کی موت ہو گئی۔
گوسائیں گنج کے امیٹھی منشی گنج کے رہنے والے پری دین کی بیوی رتنا (۵۵) دو شنبہ کی شام اپنے گھر کے باہر کچھ خواتین کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت کر رہی تھی۔اس درمیان منشی گنج کا رہنے والا ڈرائیور پرمود بالو لدی ٹریکٹر ٹرالی لیکر گزرا۔ اچانک ٹریکٹر پر سے اس کا توازن ہٹ گیا جس سے ٹریکٹر رتنا پر چڑھ گیا اور پاس میں بیٹھی پرشو رام کی بیوی ، ننھے کی بیوی اور پرشو رام کی بیوی زخمی ہو گئیں۔ پرمود نے خواتین کو زخمی ہوتے دیکھا تو وہاں سے بھاگنے لگا لیکن گاو¿ں والوں نے اسے پکڑ لیا اور اس کی پٹائی کرنے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔ گاو¿ں والوں کی مدد سے پولیس نے زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا۔ رتنا کی حالت نازک دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے اسے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔ پولیس نے لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔اس کے علاوہ گوسائیں گنج کے مہورا کلاں باشندہ گیان بابو کا بیٹا کرشنا نند (۲۰) مہا نگر کے نشاط گنج واقع کار سروس سینٹر میں ڈرائیور تھا۔ دو شنبہ کو وہ ڈیوٹی کر کے موٹر سائیکل سے گھر جا رہا تھا۔ گوسائیں گنج کے برہوا چوراہے پر اس کی موٹر سائیکل بے قابو ہوکر درخت سے ٹکرا گئی جس سے موقع پر ہی اس کی موت ہو گئی۔ کرشنا نند بغےر ہیلمٹ کے گاڑی چلا رہا تھا۔ کرشنا نند کے کنبہ میں تین بھائی اور ایک بہن ہے۔ اس حادثہ کی اطلاع اس کے بھائی سکھ نندن نے دی۔ پولیس نے لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔