لکھنو: آکانشا سمیتی کی ریاستی صدر اور سماجی کارکن اور سڑک تحفظ بیداری مہم کی برانڈ امبیسڈر سربھی رنجن نے کہا ہے کہ اسکولوں میں روڈ سیفٹی کلب کی تشکیل نوڈل ٹیچر کی دیکھ ریکھ میں بیدار طلباءو طالبات کے ساتھ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ روڈ سیفٹی کلب کے ذریعہ اسکولی طلباءو طالبات کو ٹریفک قوانین اور سڑک تحفظ کے بارے میں بیدار کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ زیادہ تر حادثات انسانی بھول اور ٹریفک قوانین کی معلومات نہ ہونے سے ہوتے ہیں اس لئے سبھی اضلاع کی آکانشا سمیتیاں اپنے اپنے ضلع میں طلباءو طالبات کو ٹریفک قوانین کے تئیں بیدار کرنے کیلئے اسکولوں میں پروگرام منعقد کرائیں۔ مسز رنجن آج سی ایم ایس گومتی نگر میں ٹرانسپورٹ محکمہ کے ذریعہ منعقد سڑک تحفظ بیداری پروگرام سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹریفک قوانین پر عمل کرنے سے خود کے تحفظ کے ساتھ ساتھ دوسروں کی بھی حفاظت ہوتی ہے۔
اس لئے سبھی لوگ ٹریفک قوانین پر عمل کریں۔ انہوں نے کہاکہ سڑکوں پر زندگی محفوظ رکھنے کیلئے ٹریفک قوانین کی مزید تشہیر کرانے میں عام باشندوں کی حصہ داری یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بچے ملک کے مستقبل ہیں ان کے تئیں ہمیں کسی قسم کی لاپروائی نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ سرپرستوں کو اٹھارہ برس سے کم عمر کے بچوں کو گاڑی نہیں چلانے دینا چاہئے۔ انہوں نے عوام سے اسکولوں کے سامنے گاڑی دھیمی رفتار سے چلانے کی اپیل کی تاکہ اسکولوں کے آس پاس گاڑیوں کی تیز رفتاری سے ہونے والے حادثات پر روک لگ سکے۔