نئی دہلی :سرحد پر امن اور استحکام کی بحالی کے اقدامات پر بات چیت کے لئے بارڈر سیکورٹی فورس اور پاکستانی رینجرز کے ڈائرکٹر جنرلوں کے درمیان آج یہاں بات چیت شروع ہو گئی۔ہندوستان اور پاکستان کے سرحدی حفاظتی دستوں کے درمیان یہ بات چیت ہفتہ تک جاری رہے گی۔ جس کے بعد دونوں فریقوں کی طرف سے ایک مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کئے جائیں گے ۔
بات چیت میں پاکستان رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل (پنجاب) جنرل عمر فاروق برک¸ 16 رکنی وفد کی قیادت کر رہے ہیں جبکہ ہندوستان کے 23 رکنی وفد کی قیادت بارڈر سیکورٹی فورس کے ڈائریکٹر جنرل ڈی کے پاٹھک کر رہے ہیں۔ پاکستانی رینجرز کا وفد کل صبح واگہہ ۔اٹار¸ راستے سے ہوتے ہوئے پہلے امرتسر اور پھر جہاز سے یہاں پہنچا تھا۔ ہندوستان نے امید ظاہر ہے کہ آج شروع ہونے والی بات چیت کے مثبت نتائج دیکھنے کو ملیں گے ۔
ہندوستان کی جانب سے اس میٹنگ میں پاکستان کی جانب سے بار بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کر کے بین الاقوامی سرحد پر کی جانے والی فائرنگ کا مسئلہ بنیادی طور پر اٹھایا جائے گا۔ اس کے علاوہ سرحد پار سے جموں کشمیر اور کچھ کے رن میں مداخلت، اسمگلنگ اور جعلی کرنسی پر بھی پاکستان کو گھیرا جائے گا۔ ہندوستان پڑوسی ملک کے ساتھ یہ مسئلہ بھی اٹھائے گا کہ فائرنگ روکنے کے لئے بی ایس ایف کی جانب سے سفید پرچم دکھائے جانے کے جواب میں دوسری جانب سے کوئی رد عمل کیوں نہیں ہوتا۔