کولمبیا:ہندوستان کی دوپہیہ گاڑی بنانے والی کمپنی ہیرو موٹوکارپ نے آج یہاں ایک نئے پلانٹ کو شروع کیا جو ہندوستان سے باہر پہلا پلانٹ ہوگا۔ پلانٹ کی تعمیر ۷ کروڑ ڈالر کے سرمایہ سے کی گئی ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی دو پہیہ گاڑی بنانے والی کمپنی ہیرو موٹوکارپ نے کہا کہ نیا کارخانہ اس علاقے کیلئے برآمدات مرکز کے طور پر کام کرے گا اور یہاں اس کارخانے میں ہیرو موٹرسائیکلوں اور اسکوٹروں کے دس اعلیٰ ماڈل تیار کئے جائےں گے۔ کا کا ریاست کے ویلا رکا میں ۱۷ ایکڑ علاقے میںپھیلے اس کارخانے کی شروعاتی پیداوار صلاحیت ۸۰ ہزار سالانہ ہوگی اسے آئندہ مرحلے میں بڑھا کر ایک لاکھ پچاس ہزار اکائی تک کیا جائے گا۔
اس کارخانے کا افتتاح کولمبیا کے صدر جان مینوئل سینتوس نے کیا اس موقع پر ملک کے سرکاری افسر اور ہیرو کمپنی کے اعلیٰ افسر موجود تھے اس کارخانے سے ۲ہزار ۲۰۰ لوگوں کو روز گار ملے گا۔ ابتدا میں کارخانے میں نئے اسکوٹر ’ڈیش‘ سمیت ایچ ایم سی ایل کے ۱۰ پروڈکٹس تیار کئے جائیں گے۔ نیا کارخانہ وسطی اور جنوبی امریکی بازاروں کیلئے برآمدات مرکز کے طور پر کام کرے گا۔ کولمبیا میں اس کارخانے کو شروع کرنے کے ساتھ نئی دہلی ہیڈ کوارٹر والی ہیرو موٹو کارپ ہندوستان کی پہلی دو پہیہ بنانے والی گاڑی کمپنی بن گئی ہے جس نے لیٹن امریکہ میں کارخانہ قائم کیا ہے۔