لکھنؤ ۔ ( بیورو)وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے ریاست کے بجلی نظام کو درست بنانے کیلئے بجلی پیدا وار کے مجوزہ پروجیکٹوں پر تیزی سے عمل درآمد کی ہدایت دی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی ترجیح ہے کہ توانائی پیداوار میں اضافہ کرکے ریاست کے باشندوں کوزیادہ سے زیادہ بجلی فراہم کرائی جائے ۔ اس کے لئے بجلی پیداوار کی نئی اکائیاں قائم کرنے کا کام جنگی سطح پر پورا کیاجانا ضروری ہے ۔ وزیراعلیٰ آج یہاں اپنی سرکاری رہائش گاہ ۵ -کالی داس مارگ پر منعقد ایک جلسے میں بجلی پیدا وار کی نئی اکائیوں کے قیام کے سلسلے میں غور وخوض کر رہے تھے جلسے میں ریاست کے محکمہ توانائی کے سینئر افسران کے ساتھ این ٹی پی سی اور ایل اینڈ ٹی کے افسر بھی موجود تھے ۔ مسٹر یادو نے ٹانڈا تھرمل ( توسیع ) ، کر چھنا تھرمل پروجیکٹ ، ہردوا گنج تھرمل پروجیکٹ ( توسیع ) ، میزا تھرمل پروجیکٹ اور میزا تھرمل پروجیکٹ ( اسٹیج -۲ ) پروجیکٹوں کیلئے کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی ۔ اس موقع پر پرنسپل سکریٹری توانائی اور چیئر مین اترپردیش پاور کارپوریشن سنجے اگروال ، ریاستی بجلی پیداوار کارپوریشن کے سی ایم ڈی کامران رضوی ، این ٹی پی سی کے چیئر مین اروپ رائے چودھری ، ایل اینڈ ٹی کے ڈائریکٹر ایس این رائے سمیت دیگر سینئر افسر موجود تھے ۔