اقوام متحدہ: اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ یمن کے بحران کو ختم کرنے کے لئے امن بات چیت عرب خطے ہی میں آئندہ ہفتہ شروع کی جائے گی۔ اقوام متحدہ نے تمام فریقوں کو نیک ارادے سے اس بات چیت میں شامل ہونے کی اپیل کی۔واضح رہے کہ سعودی عرب کی زیر قیادت خلیجی عرب ممالک کی اتحادی افواج نے گزشتہ مارچ میں یمن میں صدر عبد ربہ منصور ہادی کی قانونی حکومت کو بحال کرنے اور ایران نواز انتہاپسند حوثی باغیوں کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے لئے فوجی آپریشن شروع کیا تھا، جس کے بعد یمن کا بحران مزید گہر گیا ہے اور اس بحران کو حل کرنے میں امن مذاکرات ابھی تک ناکام رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ایک اہلکار نے ایک بیان میں بتایا کہ یمن میں سکریٹری جنرل بان کیمون کے خصوصی نمائندے اسماعیل ولد شیخ احمد نے یمنی حکومت، حوثیوں اور جنرل پیپلز کانگریس کے اس امن بات چیت میں شامل ہونے کے تئیں عہد بندی کا خیرمقدم کیاہے ، جو عرب خطے میں ہی آئندہ ہفتہ منعقد ہونے جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ نے تمام فریقوں سے اس بات چیت کو تعمیری اور کامیاب بنانے کے مقصد سے اس میں حصہ لینے کی درخواست کی ہے ، تاکہ ملک کی خانہ جنگی کو تیزی سے ختم کیا جاسکے ، جس کے تباہ کن نتائج سے یمنی عوام بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔