ماسکو: یو ایس اوپن سے انجریز کے باعث دستبردار ہونے والی روسی ٹینس کوئین ماریہ شراپوا ڈبلیو ٹی اے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کی بناء پر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عالمی نمبر تین روسی ٹینس سٹار ماریہ شراپوا نے ڈبلیو ٹی اے فائنلز کیلئے کوالیفائی کر لیا، اس بات کا اعلان گزشتہ روز ویمنز ٹینس گورننگ باڈی نے کیا۔ 28 سالہ شرا پوا فٹنس مسائل کی وجہ سے یو ایس اوپن سے دستبردار ہوگئیں تھیں۔
انہوں نے 2004 میں یو ایس اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جبکہ 2007 اور 2012 میں فائنل تک رسائی حاصل کی۔ ویمنز ٹینس گورننگ باڈی کے مطابق شرا پوا ڈبلیو ٹی اے فائنلز کیلئے کوالیفائی کر چکی ہیں تاہم ان کی ٹورنامنٹ میں شرکت فٹنس سے مشروط ہے۔ ایونٹ آئندہ ماہ سنگاپور میں کھیلا جائے گا۔