واشنگٹن:وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ صدر بارک اوباما اور ان کا وفد نیو یارک کے اُس نامور ہوٹل میں قیام نہیں کریں گے جہاں امریکی سربراہان روایتی طور پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے دوران قیام کرتے آئے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری جاش ایرنسٹ نے واشنگٹن میں ایک میڈیا بریفنگ کے دوران صدر اور ان کے وفد کی نیو یارک پیلس ہوٹل میں قیام کرنے کی خبر کی تصدیق کی۔
اس سے پہلے امریکی سربراہان اور ان کا وفد تاریخی والڈورف اسٹوریا ہوٹل میں ٹھرتے تھے۔
امریکی میڈیا نے رواں ہفتہ بتایا تھا کہ ’سیکیورٹی اور جاسوسی کے خطرات کے پیش نظر‘ حکام صدر کو کسی دوسرے مقام پر ٹھرانے کی تجویز پر غور کر رہے ہیں۔
2014 کے یو این جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران ایک چینی گروپ ہلٹن ورلڈ وائڈ ہولڈنگز نے والڈورف اسٹوریا ہوٹل بُک کرایا تھا، جبکہ اوباما بھی یہی قیام پذیر تھے۔