واردات کے بعد مقامی لوگوںنے ظاہر کی ناراضگی
لکھنو:پی جی آئی کے ساوتھ سٹی میں رہنے والی ایک خاتون سکریٹریٹ ملازمہ کے گھر جمعرات کی دوپہر چور تالا توڑ کر داخل ہو گئے اور نقد روپئے و ۳۵ لاکھ روپئے قیمت کے زیورات چوری کر کے فرار ہوگئے۔ اس معاملہ میں پولیس نے چوری کی رپورٹ تو درج کر لی ہے لیکن واردات میں کسی نزدیکی کا ہاتھ ہونے کا اندیشہ ظاہر کر رہی ہے۔ وہیں علاقہ کے لوگوں نے مقامی پولیس کے سست رویے پر ناراضگی ظاہر کی۔ پی جی آئی کے ساو¿تھ سٹی علاقہ میں خاتون سکریٹریٹ ملازمہ معراج جہاں اپنے دو بیٹوں شاہنواز حسین اور کمیل حسین کے ساتھ رہتی ہیں۔ شاہنواز ایک پرائیویٹ کمپنی میں تعینات ہے جبکہ کمیل انٹیگرل یونیورسٹی میں ایم بی اے کا طالب علم ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جمعرات کی صبح معراج اپنے دفتر چلی گئیں جبکہ دونوں بیٹے بھی اپنے اپنے کام پر چلے گئے۔ شام تقریباً چھ بجے معراج جب گھر پہنچیں تو دیکھا کہ صدر دروازے کا تالا ٹوٹا ہوا ہے۔
اندر جاکردیکھا تو سارا سامان بکھرا پڑا تھا۔ چور گھر سے ۳۵ لاکھ روپئے کے زیورات اور نقد چوری کر لے گئے تھے ۔معراج جہاں کی اطلاع پر موقع پر پی جی آئی پولیس، ڈاگ اسکواڈ اور فنگر پرنٹ ٹیم بھی پہنچ گئی۔ تفتیش کے بعد پولیس نے اس معاملہ میں چوری کی رپورٹ درج کر لی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس واردات میں گھر کے ہی کسی نزدیکی کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔ وہیں علاقہ کے لوگوں نے دن دہاڑے ہوئی اس واردات کے بعد پولیس کے تئیں ناراضگی ظاہر کی۔ مقامی لوگوں نے سست پولیسنگ کو اس واردات کا ذمہ دار ٹھہرایا۔