نئی دہلی: صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی ، نائب صدر حامد انصاری اور وزیراعظم نریندر مودی نے مکہ کرین حادثہ میں عازمین حج کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ اس حادثہ میں دو ہندستانی سمیت مختلف ملکوں کے 107 عازمین ہلاک اور 200 دیگر زخمی ہوگئے جن میں 15 ہندستانی بھی شامل ہیں۔ صدر جمہوریہ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ اس حادثہ میں کئی عازمین حج کے مارے جانے اور کئی دیگر کے زخمی ہونے کی خبر سے انہیں صدمہ پہنچا ہے وہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی آرزو کرتے ہیں اور ہلاک شدگان کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کااظہار کرتے ہیں۔ صدر جمہوریہ نے اس کے ساتھ ہی مکہ میں موجود ہندستانی افسروں سے کہا ہے کہ وہ اس حادثہ میں مارے گئے ہندستانی عازمین کے لواحقین اورزخمیوں کی ہرممکن مدد فراہم کرانے کے لئے ضروری اقدامات کریں۔
نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری نے اپنے پیغام میں کہا کہ مجھے پتہ چلا ہے کہ اس سانحہ میں مارے گئے عازمین بھی کچھ ہندستانی بھی شامل ہیں۔ بچا¶ اور راحت کاری جاری ہے ۔ ہلاک شدگان کے لواحقین اور زخمیوں کو مدد فراہم کرانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ڈاکٹر انصاری نے کہا کہ “میں دکھ کی اس گھڑی میں اہل وطن کے ساتھ مل کر ہلاک شدگان کے گھر والوں کے ساتھ اظہار تعزیت اور زخمیوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی آرزو کرتاہوں”۔وزیراعظم نے اپنے تعزیتی پیغام میں اس حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ ہلاک شدگان کے گھروالوں کے ساتھ دل کی گہرائیوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ۔ زخمیوں کے جلد از جلد صحت یاب ہونے کی آرزو کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ مکہ میں حرم شریف کے ایک حصہ میں کل رات زیر تعمیر کام میں لگی ایک کرین اچانک ٹوٹ کر گر گئی جس سے وہاں موجود تقریباً 107 عازمین کی موت ہوگئی جبکہ تقریباً 200 دیگر زخمی ہوگئے ۔ اس حادثہ میں مارے گئے اور زخمی ہونے والے ہندستانی عازمین کو سعودی عرب میں ہندستانی سفارت خانے کے ذریعے مدد فراہم کرائی جارہی ہے ۔