نئی دہلی:صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی، نائب صدر حامد انصاری، وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے حج کے دوران مکہ میں کرین حادثے میں سو سے زیادہ عازمین حج کی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ کے تئیں تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔صدر جمہوریہ مسٹر پرنب مکھرجی نے اپنے تعزیتی پیغام میں گزشتہ روز حرم مکی میں تعمیراتی کام کے دوران کرین گرنے سے تقریبا 107 حاجیوں کے جان بحق ہوجانے اور بہت سے دیگر عازمین حج کے زخمی ہونے پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے مرنے والوں کے اہل خانہ کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔ انہوں نے مکہ میں تعینات ہندوستانی حکام سے ہندوستانی حاجیوں کی مدد کرنے کے لئے کہا ہے ۔نائب صدر مسٹر حامد انصاری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ” مکہ کی مسجدالحرام میں تعمیر کے کاموں کے دوران پیش آنے والے اس حادثے کی خبر سن کر مجھے گہرا صدمہ پہنچا۔ اس حادثے کے بارے میں مجھے موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق دس ہندوستانیوں سمیت کئی عازمین حج جاں بحق ہوگئے ہیں۔ میں زخمیوں کے جلد صحتیاب ہونے کی دعا کرتا ہوں”۔وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ” مکہ کرین حادثہ میں جان گنوانے والے لوگوں کے لواحقین کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ میں زخمیوں کے جلد از جلد شفایاب ہونے کی دعا کرتا ہوں”۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بھی اس اندوہناک حادثے پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “مکہ معظمہ میں ہو نے والے حادثے میں بہت سے عازمین حج کے مرنے کی خبر سن کر انہیں سخت صدمہ پہنچا ۔ انہوں نے اس خطرناک حادثہ میں جان گنوانے والے لوگوں کے تئیں رنج و غم کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ زخمیوں کو مناسب علاج کر ایا جائے گا اور وہ جلد ہی صحت یاب ہو جائیں گے ۔ واضح ر ہے کہ سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام میں گزشتہ شام ایک کرین گرنے سے پیش آنے والے حادثے میں کل 107 لوگوں کی موت ہو گئی ہے ،جبکہ 238 دیگر عازمین حج زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں دس ہندوستانی عازمین حج بھی شامل ہیں۔