خاتون تھانہ میں درج کی گئی آئی ٹی ایکٹ کے تحت رپورٹ
لکھنو:کینٹ علاقہ میں رہنے والی ایک خاتون نے فوج میں تعینات اپنے شوہر پر فیس بک پر نجی فوٹو اپ لوڈ کرنے کی شکایت کی ہے۔ خاتون کی شکایت پر خاتون تھانہ میں آئی ٹی ایکٹ کے تحت رپورٹ درج کی گئی ہے۔ خاتون تھانہ انچارج گیتا دیویدی نے بتایا کہ کینٹ میں رہنے والی خاتون کی شادی پنجاب کے جالندھر میں تعینات ایک فوجی سے ہوئی تھی،دونوں کے دو بچے بھی ہیں۔
میاں بیوی کینٹ علاقہ میں رہتے تھے۔ کچھ ماہ قبل خاتون کے شوہر کا تبادلہ جالندھر ہو گیا۔ خاتون کا الزام ہے کہ اس درمیان شوہر اس کی نجی زندگی میں دخل دینے لگا۔ فیس بک آئی ڈی کا پاس ورڈ پوچھتا اور موبائل چیک کرتا تھا۔ ان حرکتوں سے دونوں میں کشیدگی رہتی تھی۔ خاتون کا الزام ہے کہ شوہر نے اس کے فیس بک پر پہلے تو کچھ پوسٹ اپ لوڈ کئے اس کے بعد دونوں کے پرسنل فوٹو فیس بک پر اپ لوڈ کر دیئے۔ بیوی کو یہ حرکت بری لگی تو بیویی نے اس معاملہ میں شوہر کے خلاف خاتون تھانہ میں رپورٹ درج کرائی۔ پولیس نے خاتون کی تحریر پر آئی ٹی ایکٹ کے تحت رپورٹ درج کر لی ہے۔ فی الحال پولیس اس معاملہ میں تفتیش کرنے کی بات کہہ رہی ہے۔