جیریمی سات بار لندن سے الیکشن جیت چکے ہیں اور گزشہ 32 سالوں سے ممبر پارلیمنٹ ہیں
برطانیہ کی حزبِ اختلاف کی جماعت لیبر پارٹی کے نئے سربراہ اور بائیں بازو کے نظریات کے حامی سیاستدان جیریمی کوربن برطانیہ کے علاقے ولٹشائر میں پیدا ہوئے۔
پیشے کے اعتبار سے جیریمی کے والد انجینیئر اور والدہ استانی تھیں۔
جیریمی کوربن کے بارے میں چند حقائق
32 سال سے پارلیمنٹ کے ممبر ہیں لیکن کبھی کسی سرکاری عہدے پر فائز نہیں رہے۔
وہ امیروں پر اضافی ٹیکسوں کے حامی ہیں۔
ریلوے اور دیگر اداروں کو قومی ملکیت میں لینے کے حامی ہیں۔
پارلیمنٹ میں 500 بار اپنی پارٹی کے خلاف ووٹ دے چکے ہیں۔
عوامی بہبود کے منصبوں میں کٹوتی کے مخالف ہیں۔
ملک میں نیا مفت تعلیمی نظام لانا چاہتے ہیں۔
شمالی لندن کے ایک تعلیمی ادارے سے تعلیم یافتہ جیریمی نے اپنی ڈگری مکمل کیے بغیر ہی تعلیم کو خیرآباد کہہ دیا۔
وہ ایک عرصے سے لیبر پارٹی سے وابستہ ہیں اور ایک دہائی تک لندن میں بحثیت کونسلر فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔
سیاست کے علاوہ جیریمی نے صرف دو نوکریاں کی ہیں اور ان کی یہ نوکریاں دو مختلف مزدوروں کی نمائندہ تنظیموں کے ساتھ تھیں۔
سنہ 1983 میں پہلی بار لندن سے پارلیمنٹ کے لیے منتخب ہونے والے جیریمی سات بار لندن سے الیکشن جیت چکے ہیں اور گزشہ 32 سالوں سے ممبر پارلیمنٹ ہیں۔
ان کی جیت کی کیا اہمیت ہے؟
80 کی دہائی میں انتخابات میں ناکامی کے بعد لیبر پارٹی نے بہت سی بائیں بازو کی پالیسیوں کو ترک کر دیا تھا لیکن جیریمی نے اس کی مخالفت کی تھی۔
جیریمی کی جیت بھی یورپ کے بعض ممالک جیسے یونان اور سپین میں بائیں بازو کے نظریات رکھنے والے سیاستدانوں کی مقبولیت میں اضافے کی ایک کڑی ہے۔
برطانیہ میں اس وقت دائیں بازو کی کنزرویٹو جماعت برسرِ اقتدار ہے اور اگلے انتخابات سنہ 2020 میں ہوں گے لہذا یہ جاننے کے لیے ابھی کافی وقت ہے کہ آیا جیریمی عام ووٹروں میں بھی اتنے ہی مقبول ہیں جیتنے وہ لیبر پارٹی کے ممبران میں ہیں۔
جیریمی کے پاس گاڑی نہیں ہے اور وہ سائیکل چلانا پسند کرتے ہیں
فارغ وقت میں کیا کرنا پسند کرتے ہیں؟
فنانشل ٹائمز اخبار کے مطابق اپنی زمین پراگنے والے فروٹ سے جیم بنانا ان کا محبوب مشغلہ ہے۔ جـیریمی برطانوی پارلیمنٹ کے ’آل پارٹی گروپ فار چیز (پنیئر)‘ کے ممبر بھی ہیں۔ اس کے علاوہ کہا جاتا ہے کہ وہ ٹرینیں دیکھنے کے بھی شوقین ہیں۔
سبزی خور جیریمی کے پاس گاڑی نہیں ہے اور وہ سائیکل چلانا پسند کرتے ہیں۔
وہ آرسینل فٹ بال کلب کی حمایت کرتے ہیں۔
جیریمی تین بار شادی کرچکے ہیں اور انھوں نے تیسری شادی رواں سال ہی کی ہے۔ ان کے تین بیٹے ہیں جن میں سے ایک ان کے لیبر پارٹی کی لیڈر شپ کے انتخاب کے لیے مہم چلانے والی ٹیم کا حصہ تھا۔
دنیا کے متعلق ان کے خیالات کیا ہیں؟
وہ عراق جنگ کے شدید مخالف تھے اور انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ برطانیہ مزید ’غیرقانونی جنگوں‘ کا حصہ نہیں بنے گا۔
جیریمی جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے حامی ہیں اور وہ برطانیہ کے ٹرائیڈنٹ نامی جوہری میزائیلوں کا خاتمہ چاہتے ہیں۔
وہ نیٹو اتحاد میں اصلاحات چاہتے ہیں اور اس کے علاوہ پورپی یونین کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں تاہم وہ برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے حامی نہیں ہیں۔
ان کو حزب اللہ اور حماس کو پارلیمنٹ میں بلانے پر تنقید کا سامنا بھی کر نا پڑا تھا۔
لیڈر بننےکے بعد شاہد اب ان کے پاس جیم بنانے کے لیے وقت نہ ہو
کبھی کسی سرکاری عہدے پر نہیں رہے
اگرچہ لیبر پارٹی کئی بار اقتدار میں رہی لیکن جیریمی کو کبھی بھی کسی لیبر لیڈر نے کوئی سرکاری عہدے کی پیشکش نہیں کی۔
درحقیقت جیریمی نے اکثر وقت اپنی پارٹی کے لیڈروں کی مخالفت میں صرف کیا ہے اور سنہ 1997 سے 2010 تک وہ اپنی پارٹی کے سب سے زیادہ باغی ممبر پارلیمنٹ تھے۔ اس عرصے کے دوران انھوں نے 500 بار اپنی پارٹی کی مخالفت میں ووٹ ڈالا۔