انگلش کپتان آئن مورگن آسٹریلیا کے خلاف آخری ایک روزہ میچ کے دوران سر گیند لگنے کے باعث زخمی ہو کر میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔
اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے جا رہے پانچویں اور فیصلہ کن میچ میں جب مورگن کریز پر کھیلنے پہنچے تو انگلینڈ 22 رنز پر تین وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار تھا۔
ابھی مورگن کریز پر آئے ہی تھے کہ اننگ کے ساتویں اوور میں مچل اسٹارک کی 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے زائد کی گیند ان کے ہیلمٹ سے جا ٹکرائی۔
اس موقع پر وہ اپنے پیروں پر تو کھڑے رہے لیکن فوری طور پر انہوں نے ٹیم فزیو اور ڈاکٹر کو میدان میں طلب کیا اور چند منٹ کے صلح مشورے کے بعد وہ فیلڈ سے باہر چلے گئے۔
انگلش میڈیکل ٹیم کے تفصیلی معائنے کے بعد اس بات کی تصدیق کی گئی کہ مورگن کے سر میں چوٹ لگی ہے جس کا علاج جاری ہے اور وہ اب دوبارہ میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
واقعے کے فوراً بعد آسٹریلین کھلاڑیوں نے بھی مورگن کی خیریت دریافت کی جبکہ اوور کے اختتام پر آسٹریلین کوچ نے بھی باؤنڈری پر آ کر مچل اسٹارک کو سمجھایا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال آسٹریلین ڈومیسٹک کرکٹ میچ کے دوران آسٹریلین بلے باز فل ہیوز سر پر گیند لگنے کے سبب ہلاک ہو گئے جبکہ اس میچ میں مچل اسٹارک بھی شریک تھے۔