افغانستان حکام نے غزنی جیل پر طالبان کے حملے کی تصدیق کردی ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق صوبہ غزنی کے محکمہ انصاف کے اعلی عہدیدار عبدالرشید عابد نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیل میں بند چارسو سے زائد قیدی فرار ہوگئے ہیں۔بعض خـبروں میں فرار ہونے والے قیدیوں کی تعداد ساڑھے چارسو کے قریب بتائی گئی ہے جن میں زیادہ تر کرمنل اور سیاسی قیدی ہیں۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے میڈیا کو جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افراد اور خودکش بمباروں نے رات دو بجے کے قریب جیل پر حملہ کیااور تمام قیدیوں کو چھڑوا لیا ہے۔ ادھر غزنی کے ڈپٹی صوبائی گورنر محمد علی احمدی نے بتایا ہے کہ حملہ آور فوجی وردیوں میں ملبوس تھے اور انہوں نے نہایت منظم انداز میں حملہ کیا۔انھوں نے بتایا کہ پیر کی صبح ہونے والے اس حملے میں چار پولیس اہلکار اور تین حملہ آور ہلاک ہوئے ہیں۔