اتار چڑھاو زندگی کا حصہ ہوتا ہے اس سے کنگنا راناوت بھی بچ نہ سکی ہیں ۔ ایک فلم میں وہ ہٹ ہوتی ہے تو دوسری میں انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ کرش -۳ میں کایابن کر دھوم مچانے والی کنگنا کی رجو باکس آفس پر فلاپ ہو گئی ۔ اگرچہ ان کے سات سال کے فلمی کیریئر میں کرش -۳ سب سے بڑی ہٹ فلم ہے ۔ اس فلم میں ان کے سپر وومن کے کردار کی چاروں طرف تعریف ہوئی ۔ لیکن کنگنا کی اس کامیابی پر رجواوس بن گئی ۔ دراصل کنگنا کے ساتھ ایسا پہلی بار نہیں ہو رہا ہے ۔ ایک طرف وہ تنو ویڈس منو میں ہٹ ہوتی ہیں تو دوسری طرف راسکلس میں پٹ جاتی ہیں ۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ ریئل لائف میں بے حد خوبصورت اور گلیمرس ہیں ۔ لیکن ان سب کے ساتھ ہی کنگنا ڈائیلاگ ادائیگی میں شکست کھا جاتی ہیں ۔ فلمی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ رجو میں انہوں نے ایمانداری سے اپنے رول کو انجام دیا ہے لیکن ڈائیلاگ کی ادائیگی میں انہیں کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے ۔ اس معاملے میں وہ کئی بار گڑبڑا چکی ہیں۔ دیکھا جائے تو کنگنا ہیروئنوںکے روایتی کھانچے میں کبھی فٹ اور ہٹ نہیں رہیں ۔ ان کے جتنے بھی ہٹ رول ہیں وہ بالی وڈ ہیروئن کے لئے پیش کئے جانے والے روایتی رول سے الگ ہی رہے ہیں ۔ گینگسٹر کی سمرن ہو ، فیشن کی شونالی گجرال ہو ، تنو ویڈس منو کی تنو ہو یا کرش -۳ کا کایا، رول میں اگر کچھ الگ طرح کاکرنے کو ہے تو اسے شاندار طریقے سے کرنے میں وہ نہیں چوکتیں ۔ لیکن روایتی فلمی رول کا کردار آتے ہی فلاپ ہو جاتی ہے ۔ ایسے میں کنگنا کو یہ جاننا ہوگا کہ الگ الگ طرح کے رول کو کس طرح کیا جائے ۔ کنگنا کی دو فلمیں ریوالور رانی اور ملکہ ابھی آنے کو ہے ۔ امید ہے کہ ان فلموں سے بالی وڈ کی یہ باصلاحیت ہیروئن ناظرین کو مایوس نہیں کرے گی ۔