لندن: باکسنگ کے سابق عالمی چیمپئن عامر خان شامی مہاجرین کیلئے میدان میں آگئے ہیں اور برطانیہ بھر میں موجود ان کے فینز اور چاہنے والوں سے اکٹھے ہونیوالے کپڑوں ، جوتوں ، ٹینٹس اور جسمانی صفائی ستھرائی کیلئے استعمال ہونیوالی چیزوں سے بھرے ٹرکوں کیساتھ روانہ ہوں گے اور اس قافلے میں مزید لوگ بھی شریک ہوسکتے ہیں۔ یہ قافلہ منگل کو ان کے گھر بولٹن سے چار روز کیلئے روانہ ہوگا اور یورپ بھر سے امداد جمع کرے گا، عامر خان اکٹھی ہونیوالی امداد ذاتی طورپر لیسبوس کے جزیرے پر موجود مہاجرین میں تقسیم کریں گے۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ یہ قافلہ ہر ایک کیلئے کچھ کرنے کا بہترین موقع ہے، جبکہ عامر خان فائونڈیشن نے غربت کے خلاف ‘ایک پیسہ ‘ اپیل بھی کر دی۔ 28 سالہ عامر خان نے ترکی کے ساحل پر گزشتہ دنوں جاں بحق ہونیوالے بچے ایلان کردی کی ہلاکت کی تصویریں دیکھنے کے بعد گزشتہ روز اپنے ایک ویڈیو پیغام میں بے سر و سامان مہاجروں کیلئے امداد کی اپیل کی، ا نکا کہنا تھا کہ ایک تین سالہ بچے کی ساحل پر لاش دل کو جھنجھوڑنے والا منظر تھا۔ اس سے بھی زیادہ تکلیف دہ بات یہ ہے کہ اگر بروقت دیگر متاثرین کی ہنگامی بنیادوں پر مدد نہ کی گئی تو مزید کئی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہے، ہمیں جرمنی سمیت مختلف ممالک سے پناہ گزینوں کیلئے ہونیوالے اقدامات کی خبریں مل رہی ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ برطانیہ میں لوگ بھی سخی اور اس سوچ کے حامل ہیں۔