اگر تو آپ جسمانی وزن میں اضافے پر پریشان ہیں تو نئے برتنوں کو خریدنے کی کوشش کریں۔
جی ہاں جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے چھوٹی پلیٹ میں کھانا موٹاپے سے بچاﺅ میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
یہ دعویٰ برطانیہ میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔
کیمبرج یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق چھوٹی پلیٹ میں کھانے سے آپ خوراک کے ذریعے جسم کا حصہ بننے والی کیلیوریز (حراروں) کی مقدار میں 10 فیصد تک کمی لاسکتے ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ موٹاپے سے بچاﺅ کے لیے ایک سادہ سی ترکیب بھی کام کرتی ہے یعنی اپنی پلیٹ یا ڈونگے کا سائز چھوٹا کردیں اور لگ بھگ 159 کیلیوریز کو جسم کا حصہ بننے سے بچالیں۔
محققین کا کہنا ہے کہ چھوٹی پلیٹ میں کھانے کو عادت بنانے سے لوگ کم کھانا ان میں نکالتے ہیں اور پیٹ بھی جلد بھرنے کا احساس ہوتا ہے۔
ان کے بقول لوگ پلیٹ کے سائز کو اپنی غذا کی مقدار کے پیمانے کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اگر لوگوں کو بڑے سائز کے برتنوں میں کھانا دیا جائے تو وہ ضرورت سے زیادہ غذا جسم کا حصہ بناتے ہیں جس سے موٹاپے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔
خیال رہے کہ موٹاپے اس وقت عالمی وباءبن چکا ہے اور اس کا شکار ہونے کی صورت میں بلڈ پریشر، ذیابیطس اور امراض قلب جیسی بیماریوں کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔