سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے ایک ” ورچوئل رئیلٹی” ویڈیو اپلیکشن کی تیاری پر کام شروع کردیا ہے جو صارفین کو اپنے اسمارٹ فونز پر 360 ڈگری ویڈیوز دیکھنے میں مدد دے گی۔
ایسی رپورٹس سامنے آرہی ہیں کہ صارفین اس اپلیکشن کے ذریعے ” ویڈیو کو 360 ڈگری کے ساتھ ساتھ مختلف زاویوں سے دیکھ بھی سکیں گے”۔
اس اپلیکشن کی تیاری کا کام ابھی ابتدائی مراحل میں ہے تاہم یہ آئی او ایس اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر کام کرسکے گی تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ اسے کب تک متعارف کرایا جائے گا۔
فیس بک کے بانی مارک زیوکربرگ اس سے پہلے ہی ورچوئل رئیلٹی کو مستقبل کی ٹیکنالوجی قرار دے چکے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ ایک دن یہ اربوں افراد کی روزمرہ کی زندگی کا حصہ ہوگی۔
ان کے بقول تصور کریں کہ صرف گھر بیٹھے چشمہ آنکھوں پر چڑھا کر آپ کسی ڈاکٹر سے مشاورت کررہے ہو، کلاس روم میں اساتذہ اور دیگر ساتھی طالبعلموں سے بات چیت کررہے ہو یا کسی کمرہ عدالت میں پیش ہو، درحقیقت ورچوئل رئیلٹی جو کبھی سائنس فکشن خیال تھا اب حقیقت بنتا جارہا ہے۔
فیس بک کا ورچوئل ہیڈ سیٹ اوکیلولس رفٹ بھی 2016 کی پہلی سہ ماہی کے دوران متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔